کوئٹہ(پ ر) بلوچستان بار کو نسل کے وائس چیئر مین راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی امان اللہ خان کا کڑنے بحالی آئین تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جمہوریت پسند جماعتوں کو بحالی آئین تحریک میں شامل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔مشتر کہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آئین کی بالا دستی کیلئے جد وجہد کرنے والے ہر جماعت کے ساتھ بلوچستان بار کو نسل تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔26 ویں آئینی ترمیم سے غیر آئینی قوتیں مضبوط ہوئی ہیں، ایگزیکٹو کا اثر جوڈیشری میں نمایاں رہا ہے، آزاد عدلیہ کیلئے قربانیاں دینے والے وکلا عوام سول سوسائٹی میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی خاموشی پی سی او سے زیادہ خطر ناک ہے۔ ایگزیکٹو کے تابع عدالتیں انصاف نہیں کر پائیں گی جس کی وجہ سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد اٹھتا جارہا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان بار کونسل نے ہمیشہ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ،آج بھی ہم یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ سیاسی آئینی معاشی بحران بیڈ گور ننس کا واحد حل آئین و قانون بالا دستی ہے۔ آئین کی بالا دستی 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کیلئے تمام جمہوریت پسند جماعتوں کے ساتھ ملکر اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔