کوئٹہ(پ ر)بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ، سینئر نائب صدر جمیل بوستان ،نا ئب صدر عصمت اللہ اچکزئی ،نائب صدر قلات زون واجہ اکرم بلوچ، نائب صدر ژوب زون موسیٰ جان کاکڑ ،جنرل سیکرٹری نجب الدین آغا ،فنانس سیکرٹری ایاز خان کاکڑ ،جوائنٹ سیکرٹری سمیرا عابد،پر یس سیکرٹری عبد القادر کاکڑ اورلائبریری سیکرٹری سنان ہوت نے بیان میں کاسی قبیلے کی پرامن ریلی اور حب میں زبیر بلوچ کی بازیابی کیلئے دھرنے میں بیٹھی خواتین اور بچوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور پرامن احتجاج کو جمہوری حق تسلیم کرے۔بیان میں کہا گیا کہ پرامن ریلی اور مظاہروں پر پولیس کی جانب سے تشدد اور گرفتاریاں بلوچستان کی رسم ورواج ،ثقافت اور روایات کے خلاف ہے اور یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے اور ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھا رہے ہیں۔بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حب میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے تشدد اور کاسی قبائل کی ریلی پر کئے گئے حملوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں ،ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور تمام گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے۔