کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)معیاری اور جدید تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ بات مقررین نے دارین اسکول کی سالانہ تقریب اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، جس میں طلبا ، اساتذہ ، والدین اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت تقریب کے مہمان خصوصی عبدالسلام اچکزئی اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن نے اپنے خطاب میں دارین اسکول کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہی قوم کی ترقی کی ضامن ہے ، انہوں نے طلبا کو محنت ، نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی اسکول کے پیٹرن اِن چیف دارین مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا ، تعلیم ہی وہ روشنی ہے جو انسان کو شعور ، فہم اور درست راستہ دکھاتی ہے ،معیاری جدید تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ نہ صرف جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں بلکہ اعلیٰ اخلاقی اقدار سے بھی آراستہ ہوں انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں قبل ازین سکول کے پرنسپل محمود علی اور وائس پرنسپل شعیب احمد لانگو نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا تقریب میں ا سکول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔