کوہاٹ،پشاور (نمائندگان جنگ)قبائلی ضلع کرم میں فریقین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد اتفاق رائے سے امن معاہدہ طے پاگیا ،فریقین نے معاہدہ پر دستخط کردیئے، امن معاہدہ پردستخط کے بعد قبائلی ضلع کرم کے قبائلیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ملک بھر میں معاہدے کے بعد دھرنے ختم کردیئے گئے، معاہدے کے مطابق اسلحہ حکومتی سرپرستی میں جمع کیا جائیگا، کسی شرپسند کو پناہ دینے والا مجرم تصور ہوگا،بنکرز ختم ،تعمیر پر پابندی ،سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانیوالے افراد کو فریقین کا دشمن تصور کیا جائیگا، مسائل و لڑائی کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائیگا، کالعدم تنظیموں کے کام کرنے ،دفاتر کھولنے پر پابندی ، بدھ کو کوہاٹ میں واقع قلعہ کے احاطہ میں کمشنر کوہاٹ کی سربراہی میں منعقدہ امن جرگہ تین ہفتوں کے طویل مذاکرات کے بعداپنے اختتام کو پہنچا ۔امن معاہدے پر کرم سے رکن قومی اسمبلی حامد حسین،ایم پی اے علی ہادی عرفانی ،سابق سینیٹرسجادحسین طوری سمیت 45،45اہل سنت و اہل تشیع اراکین نے دستخط کئے ہیں۔14نکات پر مبنی امن معاہدہ کو تجدیدی معاہدہ مری کا نام دیا گیا ہے جس کے مطابق 2008ء کامری معاہدہ بشمول تمام علاقائی و اجتماعی معاہدات اپنی جگہ بحال رہیں گے۔مری معاہدہ کے مطابق بے دخل خاندانوں کو اپنے اپنے علاقوں میں آبادکاری میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، ضلع بھر میں دائمی فائربندی ہوگی اور امن تیگہ بدستور جاری رہے گا۔