عمیر احمد
کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جس سرعت سے ترقی ہوئی شائد ہی کسی اور شعبہ ہائے زندگی میں ہوئی ہو۔ دوسرے لفظوں میں پوری دنیا ڈیجیٹلائز ہوگئی ہے۔ دنیا جتنی تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی جارہی ہے ویسے ویسے سمٹتی جارہی ہے۔ گویا دنیا کا ریموٹ کنٹرول ہمارے ہاتھ میں آگیا ہو۔
ڈیجیٹلائزیشن کا موجودہ انقلاب حکومتوں، معاشروں، کاروباری اداروں اور افراد کے درمیان تعلقات کو بھی نئے سرے سے متعین کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ آج اسے ترقی کے ایک نئے عنصر کے طور پر اعلیٰ معیار کی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کا اہم محرک قرار دیا جا تا ہے۔ریٹیل سیکٹر ہو یا انفارمیشن ٹیکنالوجی، ملک کی نوجوانوں کی افرادی قوت کو استعمال کرکے ملکی معاشی شرحِ نمو میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
آئی ٹی اور اس کے ذیلی شعبہ جات میں نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ موجودہ دور کی معاشی ترجیحات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ڈیجیٹائزیشن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اب دنیا کا مستقبل آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور نیٹ ورکنگ کے ساتھ منسلک ہو چکا ہے، معیشت اب روایتی طریقوں سے نہیں بلکہ ڈیجیٹل طریقوں سے پھل پھول رہی ہے۔ یہ محض اسمارٹ فون یا کمپیوٹر استعمال کرنے کی بنیادی صلاحیت سے کہیں آگے ہے۔
پاکستان میں بھی آئی ٹی سیکٹر نہ صرف ملکی معشیت کا ایک اہم حصہ بن رہا ہے بلکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے لیے انتہائی پُرکشش بھی ثابت ہورہا ہے۔ حال ہی میں دنیا کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم ایمازون نے بھی پاکستان کو اپنی لسٹ میں شامل کیا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی بالخصوص ای کامرس میں اضافے سے روایتی تجارت کو بھی مزید فروغ مل رہا ہے۔ آج کے دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا کردار بہت اہم ہے۔
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ان پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی ہوگی بلکہ ملک میں ہنر مند افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ پلیٹ فارمز، ڈیٹا اینالیٹکس اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے سفر پرگامزن کررہاہے۔
ڈیجیٹل سیکٹر کی گروتھ میں جدید تعلیم کا اہم کردار ہے۔ڈیجیٹلائزیشن طالب علم کو E-learning میں موقع فراہم کررہی ہے، جس کی اہم کڑی Digiskills ہے جہاں مختلف مہارتوں پر مبنی شارٹ کورسز کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ کیا جارہا ہے۔ اس شعبے کو ترقی دینے کی بات ہے تو اسے عالمی معیار کے موافق بنانے اور مختلف کاروبار کو آسان بنانے کے لیے حکومتی سطح پر کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ نوجوان مختلف شعبوں میں جدید سوچ، نئے اور بہتر کاروباری آئیڈیاز دے سکیں اور انہیں کامیاب بنا ئیں۔
دنیا بھر میں ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں صرف ایک آئیڈیا نے بہترین بزنس ماڈل کی شکل اختیار کرکے سیکٹروں افراد کی زندگی بدل دی۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتیں دنیا بھر کے سامنے آئیں گی اور یہ کثیرآبادی ملک کی طاقت بن جائے گی۔ نوجوان ٹیکنالوجی کے بارے میں کافی پرجوش ہیں، اس میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان میں نوجوانوں کی بے روزگاری ایک اہم چیلنج ہے، تاہم ای کامرس، فری لانسنگ، اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایسے شعبے ہیں جہاں نوجوان اپنا مقام بنا رہے ہیں۔
حکومت کی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنےاور ملکی ترقی کے لئے مفید بنانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کاوشیں جاری ہیں۔پاکستان میں نوجوانوں کو مایوسیوں سے نجات دلانے کےلئے حکومتی سطح پر کئی منصوبے سامنے آئے، ان ہی میں ڈیجیٹل سکلز بھی ہے ، یہ اچھی بات ہے کہ چیلنجز کے باوجود ملک میں ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہےتاکہ نوجوان اس کا استعمال کرکے اپنامستقبل خود بنائیں۔
مصنوعی ذہانت کو موسم سے موافقت اور پیش گوئی کے لیے اہم ٹول کے طور پراستعمال کرنے کی کوشش جاری ہےساتھ ہی ڈیجیٹلائزیشن سے زراعت کے شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے لیے نوجوانوں سے استفادہ کرنے کے لیے انہیں تکنیکی/ خصوصی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔ نوجوان ڈیجیٹل مہارتیں سیکھیں اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے جدید سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لائیں اور عالمی دنیا کو پاکستان کا مثبت امیج دکھائیں۔
آج کی جدید دنیا روزگار کے متلاشی نوجوانوں سے ڈیجیٹل مہارتوں کا تقاضا کرتی ہے۔اپنی مدد آپ کے تحت نوجوانوں کی بڑی تعداد ڈیجیٹل ورلڈ میں اپنا مقام بناتے ہوئے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے میں مصرو ف عمل ہیں۔ ان نوجوانوں کی صلاحتیں نکھارنے اور ان کی محنت کو مزید بار آور بنانے کےلئے انہیں پیشہ وارانہ تربیت اور قانونی تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔