• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زہرہ فاطمہ

ڈیجیٹل دنیا کے اس دور میں کیریئر بھی ڈیجیٹل ہوتا جارہا ہے۔ یعنی بہت سارےکام جو پہلے ہاتھوں سے ہوتے تھے اب سیکڑوں نئے کام کمپیوٹرائزڈ مشینوں سے ہو رہے ہیں۔ کمپیوٹرکی اس دنیا میں ایک اہم شعبہ گرافک ڈیزائننگ کابھی ہے۔ یہ بہت وسیع شعبہ ہے۔ ایک چھوٹے کاروبار کے وزٹنگ کارڈ سے لے کر ملٹی نیشنل کمپنی کی برانڈنگ اور میڈیا کمپنی تک گرافک ڈیزائننگ کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

یوں سمجھ لیں کہ اچھی گرافک ڈیزائننگ کی بدولت کسی بھی چیز کو دیدہ زیب، خوبصورت اور منفرد انداز میں پیش کرکے اس کی قدرو قیمت میں کئی گنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ تصویر کے ذریعے نظریات اور تجربات کو پیش کرنے کا عمل ہے۔ گرافک ڈیزائنرز کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہی ہوا ہے۔ 

آن لائن مارکیٹ میں بھی گرافک ڈیزائننگ کے شعبے سے وابستہ افراد کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔ گرافک ڈیزائن میں typography, iconography , communication, creativity وغیرہ عناصر شامل ہیں۔ جس کے تحت نوجوانوں کو معلومات پہنچانے کے لئے تصاویر اور الفاظ کے مرکب سے خصوصی پیغام تیار کیے جاتے ہیں جس میں مقصد کا حصول بنیادی ضرورت ہے۔ 

سادہ زبان میں گرافک کے معنی خطوط بنانے یعنی لکیریں اور زاوئیے بنانے کے ہیں لیکن کمپیوٹر کی دنیا میں یہ لفظ ایک وسیع مفہوم کا حامل ہے یعنی تحریر اور تصویر کے امتزاج سے دیا جانے والا ایک بصری پیغام جس کی ترسیل نگاہ کے ذریعے ہو۔

یہ کمپنیوں کے logo سے لے کر بزنس کارڈ اور ویب سائٹ سے لیٹر پیڈ تک ہر جگہ استعمال کیا جاتا ہے۔ آج ہماری زندگی ڈیجیٹل میڈیا کےارد گرد گھوم رہی ہے۔آپ ہر روز مختلف ایپلی کیشنزاور ویب سائٹز پر جاتے ہیں۔ کچھ ایپس اور ویب سائٹیں پہلی نظر میں آپ کو راغب کرتی ہیں۔ اس کی وجہ وہ منظم اور خوبصورت ترتیب ہے، جسےگرافک ڈیزائنر نے تیار کیا ہوتا ہے۔

عملی زندگی میں گرافک ڈیزائنر کا پیشہ آپ کی زندگی تبدیل کرسکتا ہے۔یہ دوسرے پیشوں سے ذرا مختلف ہے۔ یہ ایسا کام ہے جس میں گلیمر ہے۔ آپ اس شعبے میں نئے رجحانات سے واقف ہوسکتے ہیں۔ میڈیا سے رابطہ کرکے پوری دنیا کے بارے میں آگاہ ہوسکتے ہیں۔ ایک گرافک ڈیزائنر الفاظ، تصویر، آئی کن وغیرہ کی ظاہری شکل یا virtual آرٹ سے ڈیزائن تخلیق کرتا ہے۔ اپنے ڈیزائن کے ذریعے وہ لوگوں تک مختلف نظریات یا کوئی پیغام پہنچاتا ہے۔

گرافک ڈیزائنرزآواز کے بجائے اپنے ڈیزائن کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہیں۔ وہ اشتہارات، بروشرز، رسالے، پمفلٹ اور اطلاعات کے لئے سافٹ وئیر کے ذریعے ایک مجموعی خاکہ Layout ترتیب دیتے ہیں جو صارفین کو متاثر کرتے ہیں اور انہیں اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ 

گرافک ڈیزائنر کا بنیادی مقصد ادارہ،کمپنی یاشخص جس نے اس کی خدمات حاصل کی ہیں انہیں عمدہ کام دے، تاکہ متعلقہ فرد کو اپنے مقصد کے حصول میں آسانی ہو اور وہ اپنے نظریات اور پیغام عام آدمی تک کم سے کم وقت میں پہنچا سکیں۔

ہر شعبے کی طرح گرافک ڈیزائننگ کے شعبے میں کام کرنے کے لیے کچھ اصولوں پر عمل کرنا پڑتا ہے، لہذا، اگر آپ اس شعبے میں کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو تخلیقیت، فنکارانہ قابلیت، سافٹ ویئر نالج کا انتظام ،تخیل مواصلات میں اچھی صلاحیت اور مہارت اجتماعی روح تفصیل کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت، بصری ڈیزائن کی مہارت طرز عمل کی مہارت آخری تاریخوں میں سخت کام کرنے کی اہلیت ٹائپنگ کے مختلف طریقوں کی تفہیم رنگ اور نظریے کا علم میں ماہر بننا ہوگا۔

کسی ڈیزائن کو نفاست اور بہترین طریقے سے بنانے کے لئے مختلف ٹولز کا استعمال کرتے ہیں جو مختلف ایپس میں جداگانہ ہوتے ہیں۔ ان میں سے اہم سافٹ وئیر ہیں۔گرافک ڈیزائننگ میں دلچسپی رکھنے والے طلبا 12 ویں جماعت کے بعد کسی بھی فیکلٹی(سائنس، آرٹ اور کامرس) سے گرافک ڈیزائننگ کا کورس کرسکتے ہیں۔

آج کل حالات کی مناسبت سے آن لائن گرافک ڈیزائننگ کورس کی سہولت بھی شروع ہوچکی ہے۔مختلف پروفیشنل افراد کے ذریعے گھر بیٹھے اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ یہ آن لائن ادارے سرٹیفکٹ کورس کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ اس کے لئے آپ کو صرف ایک ای میل آئی ڈی،لیپ ٹاپ اور ایک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہے۔

دینا بھر میں گرافک ڈیزائنر کی مانگ دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔کیونکہ ہر دن نیا بزنس شروع کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔انہیں لوگو، ویب سائٹ،بزنس کارڈ اور دیگر چیزوں کے لئے گرافک ڈیزائنر کی ضرورت پڑتی ہے۔اس کے علاوہ مختلف ایڈورٹائزمنٹ انڈسٹری، پرنٹ انڈسٹری، ویب انڈسٹری اور دیگر دوسرے شعبہ جات جہاں روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔ 

اگر آپ ایک بہترین پروفیشنل گرافک ڈیزائنر کے طور پہ خود کو متعارف کروالیتے ہیں تو کسی بھی اچھے ادارے یا کمپنی میں آپ کو نوکری مل سکتی ہے۔ آپ اس میں کتنا کما سکتے ہیں یہ آپ کے ہنر پہ موقوف ہے۔ بطور گرافک ڈیزائنر آپ ملک سے باہر بھی اچھی نوکری حاصل کرسکتے ہیں۔