گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں2017ء سے لے کر2024ء تک 15سو سے زیادہ ایسے بچے پیدا ہوئے جو پیدائشی طور پر نشے کے عادی تھے اور اس کی وجوہات میں ان کی مائوں کا حاملہ ہونے کے دوران قانونی اور غیر قانونی منشیات کا استعمال تھا۔ نیو نیٹل آبسٹی نینس سنڈروم Neonatal Abstinence Syndrome کے نتیجے میں پیدا ہوئے نوزائیدہ بچوں میں متعدد ایسی علامات ہوتی ہیں جو دوران حمل مائوں کی طرف سے ڈرگس لینے کے نتیجے میں وقوع پذیر ہوتی ہیں، جو بچے کی پیدائش کے چند دنوں کے اندر شروع ہوجاتی ہیں۔ ان میں بچے کا بے قابو ہوکر کانپنا، وزن کا کم بڑھنا، داغ دار جلد، جسم کی غیر معمولی سرگرمیاں اور مسلسل تیز رونا شامل ہے۔ لبرل ڈیمو کریٹ پارٹی کے رہنما الیکس کول ہیٹس جنہوں نے یہ معلومات آزادی اظہار کے قانون کے تحت حاصل کی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ ایک نوزائیدہ بچے کی زندگی کا منشیات پر انحصار ہونے سے بدتر کوئی آغاز نہیں ہوسکتا، یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں منشیات سے ہونے والی اموات کی شرح یورپ بھر میں سب سے زیادہ ہے۔