• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منفی 10 درجہ حرارت اور ایک فٹ برفباری کی پیشگوئی، برطانیہ بھر میں تشویش کی لہر

مانچسٹر،گلاسگو (ہارون مرزا،طاہر انعام شیخ )برطانیہ میں درجہ حرارت منفی 10 اور ایک فٹ تک شدید برفباری کی پیشگوئی سے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ہنگامی حالا ت کے دوران خدمات سر انجام دینے والے اداروں کے اہلکاروں کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے بعض حصوں میں 1 فٹ 4 انچ (40 سینٹی میٹر) تک برف پڑ سکتی ہے۔ بڑے پیمانے پر سفری افراتفری کے درمیان دیہی برادریوں کے منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔ پیشن گوئی کرنے والے نے زیادہ تر انگلینڈ اور پورے ویلز کے لیے یلو وارننگ جاری کی تھی۔ اسکاٹ لینڈ میں بعض مقامات پر درجہ حرارت منفی 10تک گرنیکی توقع کی جا رہی ہے۔ اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ، نارتھ ایسٹ انگلینڈ اور نارتھ ویلز کے لیے یلو رنگ کی برف کی وارننگ فعال کر دی گئی ہے۔ ویلز اور مڈلینڈز میں برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک متاثر بجلی کا نظام مفلوج ہو سکتا ہے این ایچ ایس بلیک کنٹری انٹیگریٹڈ کیئر بورڈ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ جب ٹھنڈ زیادہ ہو یا رات کو اندھیرا ہو تو جلدی باہر نکلنے سے گریز کریں لوگوں کو چاہیے کہ ہاتھوں کو آزاد رکھیں اور اچھی گرفت کے ساتھ جوتے پہنیں ۔ہیر فورڈ شائر میں، وائی ویلی این ایچ ایس ٹرسٹ نے لوگوں سے کہا کہ کافی خوراک اور دوائیں سٹاک رکھیں اور اپنے گھر میں ڈرافٹس کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ویلز اور مڈلینڈز کے لیے پہلی امبر برف اور برف کی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ برفباری اور جما دینے والی شدید سردی و بارش کے باعث ممکنہ طور پر ٹرانسپورٹ اور کچھ دیگر خدمات میں خلل پڑیگا بجلی کی کٹوتی ہو سکتی ہے جس سے دیگر سروسز، جیسے کہ موبائل فون کوریج متاثر ہو گی سڑکوں پر سفر میں تاخیر کا امکان ہے کچھ گاڑیاں اور مسافر پھنسے ہوئے ہیں جن کی مدد کیلئے کام جاری ہے‘میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ بس، ریل اور ہوائی سفر میں کچھ تاخیر اور منسوخی کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں شدید برف باری اور جمی ہوئی بارش متوقع ہے۔ جمی ہوئی بارش اس وقت ہوتی ہے، جب بارش کے قطرے صفر ڈگری سے کم درجہ حرارت والی سطح پر گرتے ہیں اور فوراً جم جاتے ہیں۔ بھاری ہونے کی صورت میں یہ بجلی کی لائنوں اور درختوں کی شاخوں کو گرا سکتی ہے۔ رن وے پر گرنے کی شکل میں وہاں بلیک آئس بننے کے باعث جہاز ٹیک آف نہیں کرسکتا۔ اسکاٹ ینڈ میں گزشتہ شب درجہ حرارت منفی8.6سینٹی گریڈ تک گر گیاتھا، جبکہ اب یہ منفی دس تک ہوسکتا ہے۔ پیر تک شمالی انگلینڈ اور جنوبی اسکاٹ لینڈ میں7 سے 15انچ تک برف گر سکتی ہے، جبکہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ہفتے کی شام اور اتوار کے روز شمالی انگلینڈ، مڈ لینڈز اور وی لز کے بیشتر حصوں کے لیے ایمبر وارننگ جاری کی گئی ہے، تیز بارش اور پگلتی ہوئی برف شمال مغربی انگلینڈ اور ویلز کے چند حصوں میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔ عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور سفر سے پہلے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کو چیک کرلیں۔ ادھر امریکا میں دہائی کے سب سے سرد موسم اور سرد ترین درجہ حرارت کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ واشنگٹن ڈی سی، بالٹی مور اور فلاڈیلفیا سمیت پیر تک برفباری کی توقع ہے جبکہ ورجینیا کے کچھ حصوں میں 5 سے 12 انچ کے درمیان برفباری ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2011 کے بعد یہ جنوری سرد ترین جنوری بن سکتا ہے۔سردی کی شدت ایک ہفتے تک برقرار رہے گی۔ 

یورپ سے سے مزید