لندن/ لیڈز (سعید نیازی/ زاہدانور مرزا) انگلینڈ کے ہسپتالوں میں فلو کے مریضوں کی تعداد گزشتہ ماہ کے دوران چار گنا بڑھ چکی ہے اور ’’انتہائی تشویشناک شرح‘‘ سے بڑھ رہی ہے۔ این ایچ ایس کے سربراہان نے اس حوالے سے خبردار کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہسپتالوں میں فلو کے 5ہزار مریض زیر علاج تھے، جو 2023کے اسی ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 3.5گنا زیادہ ہیں، اگرچہ 2022کے مقابلے میں تعداد اتنی زیادہ نہیں۔ پروفیسر جولین ریڈ ہیڈ، این ایچ ایس کے قومی کلینکل ڈائریکٹر برائے فوری اور ایمرجنسی کیئر نے کہا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’’فلو کا دباؤ نئے سال میں داخل ہونے سے پہلے بالکل بھی کم نہیں ہوا، بلکہ گزشتہ ہفتے کے اختتام تک ہسپتال میں روزانہ 5,000سے زائد کیسز تک پہنچ گیا اور انتہائی تشویشناک شرح سے بڑھ رہا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے کے آخر میں انگلینڈ بھر میں متوقع شدید سردی کے پیش نظر ہم جانتے ہیں کہ کم درجہ حرارت ان لوگوں کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے جو کمزور ہیں یا سانس کی بیماریوں کا شکار ہیں۔ پروفیسر ریڈ ہیڈ نے کہا کہ خطرے سے دوچار افراد کو چاہیے کہ وہ خود کو گرم رکھنے کی کوشش کریں اور اپنی باقاعدہ دوا کا ذخیرہ یقینی بنائیں۔ رائل کالج آف ایمرجنسی میڈیسن کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتالوں پر دباؤ ’’ناقابل قبول طور پر خوفناک‘‘ ہے اور فلو انہیں تباہی کے دہانے پر پہنچا رہا ہے۔ صحت کے حکام نے اس ہفتے کے آخر میں متوقع انتہائی سرد موسم کے کمزور مریضوں اور صحت کے نظام پر اثرات کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔