لندن (پی اے) دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ نیواورلینز میں سال نو پر حملے میں ہلاک ہونے والے کم از کم14افراد میں ایک برطانوی شہری بھی شامل ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق اس برطانوی شہری کا نام ایڈورڈ پیٹی فر تھا اور وہ لندن کے علاقے چیلسی کا رہنے والا تھا، اس کی فیملی نے اس کی موت کی اطلاع پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک اچھا بیٹا، بھائی، پوتا، بھانجا اور بہت سوں کا دوست تھا۔ حملے کے دوران پک اپ پر سوار ایک شخص نے اپنا پک اپ ٹرک شہر کی بوربن اسٹریٹ پر جمع ہجوم پر چڑھادیا تھا جس کے بعد پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، نیو اورلینز کے کورونر نے پیٹی فر کی موت کی ابتدائی وجہ شدید زخم بتائے ہیں۔ پیٹی فر کی فیملی کا کہنا ہے کہ اورلینز میں ایڈورڈ کی المناک موت کی خبر سن کر پوری فیملی سوگ میں ڈوب گئی، انہوں نے کہا کہ وہ ایک اچھا بیٹا، بھائی، پوتا، بھانجا اور بہت سوں کا دوست اور بہت کچھ تھا۔ ہم سب اس کی کمی شدت کے ساتھ محسوس کریں گے، ہماری دعائیں اس خوفناک حملے میں ہلاک ہونے والے دوسرے لوگوں کی فیملیز کے ساتھ ہیں۔ ہماری درخواست ہے کہ ہمیں تنہائی میں ایڈ کا غم منانے دیا جائے، شکریہ۔ دولت مشترکہ اور ڈیولپمنٹ آفس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سوگوار فیملی کودلاسا دینے کی کوشش کر رہاہے۔ ہلاک ہونے والوں میں امریکی کالج کا ایک معروف فٹ بال کا کھلاڑی، ایک نوجوان نرس اور ایک 4سالہ بچے کی ماں بھی شامل ہیں۔ امریکہ میں حکام کی جانب سے پوسٹ مارٹم کے معائنے مکمل ہونے سے قبل اہل خانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے ان کے نام جاری کیے گئے تھے۔