کراچی(این این آئی)کراچی میں بلدیاتی اداروں کی غفلت اور لاپروائی کے باعث نئے سال کے آغاز پر ہی ایک اور معصوم جان سے گیا‘ شاہ فیصل کالونی میں6سالہ بچہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا‘ریسکیو حکام کے مطابق بچے کے کھلے گٹر میں گرنے کا واقعہ شاہ فیصل کالونی 2نمبر میں پیش آیا۔گٹر میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے لاش بہہ کر کورنگی پل کے نیچے نالے تک پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق کم سن بچے کی لاش جائے وقوعہ سے تقریبا 2 کلومیٹر دور سے ملی ہے۔ریسکیو عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بچے کی لاش گٹر سے نکال لی۔ عملہ سیفٹی کٹ اور آکسیجن ماسک کے بغیر ہی گٹر میں اترا۔6 سالہ عباد محمود آباد سے ماموں کی شادی میں شرکت کے لئے شاہ فیصل کالونی کے شادی ہال میں آیا تھا‘ اس دوران کھیلتے ہوئے باہر نکلا تو کھلے گٹر میں گرگیا۔اہلخانہ کے مطابق گٹر میں حذیفہ نہیں بلکہ اسکا بھائی عباد گرا تھا، شور شرابے میں والدین سمجھے کہ حذیفہ گرا ہے، عباد اور حذیفہ جڑواں ہیں ۔ افسوسناک سانحے پر والدین اور اہل خانہ شدت غم سے نڈھال جبکہ علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود بھی گٹر پر ڈھکن نہیں لگایا گیا‘ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل کالونی گوہر خٹک کا کہنا ہے کہ مین ہول پر ڈھکن لگانا واٹر کورپوریشن کا کام ہے، وہ ہمیں بھی ڈھکن نہیں دیتی نہ خود لگاتی ہے۔گوہر خٹک نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کورپوریشن کی جانب سے ایک ہی جواب آتا ہے بجٹ نہیں ہے۔