راولپنڈی(راحت منیر)باخبر زرائع کے مطابق پنجاب میں نیا ہیلتھ منیجمنٹ سسٹم لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مریضوں کی رجسٹریشن کے جدید طریقہ کار کے ساتھ ساتھ مریض کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ،طبی ہسٹری،تجویز شدہ نسخہ اور طبی وجوہات کا ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو دی جانے والی ادویات کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹلائز ہوگا۔پنجاب بھر میں ایک کلک پر مانیٹرنگ اور اسسمنٹ کے باعث سہولتوں و وسائل کی تقسیم کو پسماندہ علاقوں کی طرف موڑا جائے گا۔زرائع کے مطابق سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود،سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وحید اصغر و دیگر افسران کا دورہ راولپنڈی اسی سلسلہ کی کڑی تھا۔سرکاری حکام نے سی ایم ایچ اور ایم ایچ ہسپتالوں کو سروسز فراہم کرنے والی کمپنی اینو ٹیک کے حکام کے ساتھ ملاقات کرکے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں موجود سسٹم اور ایم ایچ و سی ایم ایچ کے سسٹم کا جائزہ لیا۔فریقین نے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ ہیلتھ منیجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر بنا کر عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا۔زرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(پی آئی ٹی بی)کا تیار کردہ سافٹ استعمال کیا جارہا ہے۔جس میں مزید تبدیلیاں لاکر اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔تاکہ ہسپتالوں میں مینوئل انفارمیشن سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کیا جاسکے۔ زرائع کے مطابق نئے ہیلتھ منجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے زریعے نہ صرف چیک اینڈ بیلنس اور مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید بہتر ہوگابلکہ وسائل کا ضیاع کم ہوگا۔