• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں جنگی جرائم، بیرون ملک اسرائیلی فوجیوں کیخلاف 12 مقدمات

کراچی(نیوز ڈیسک) غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر بیرون ملک اسرائیلی فوجیوں کیخلاف 12مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ان ممالک میں برازیل، سری لنکا، تھائی لینڈ، بلجیم، ہالینڈ، سربیا، آئرلینڈ ، قبرص، جنوبی افریقہ اور فرانس شامل ہیں۔ ان فوجی اہلکاروں نے غزہ میں مکانات تباہ کرنے، شہریوں کے قتل کی دھمکیوں کی ویڈیوز جاری کی تھیں۔ جنوبی افریقا میں موجود اسرائیلی فوجی کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری ہوتے ہی صیہونی فوجی وہاں سے فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی وزارت خارجہ کو کم از کم ایسے 12 مقدمات کا علم ہوا ہے جو اسرائیلی فوجیوں کیخلاف غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر درج کئے گئے ہیں، انہوں نے ان ممالک میں موجود اسرائیلی فوجیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لئے وہاں سے فوری طور پر نکل جائیں۔ اسرائیلی وزاء اجلاس میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی شکایات برازیل، سری لنکا، تھائی لینڈ، بیلجیم، نیدرلینڈ، سربیا، آئرلینڈ اور قبرص میں درج کی گئی ہیں۔ اسرائیلی اخبار ہاریٹز کے مطابق اس فہرست میں جنوبی افریقہ اور فرانس بھی شامل ہیں۔ چینل 12 نے بتایا کہ زیادہ تر معاملات میں شکایات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، اور ان میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا، اگرچہ اس نے کہا کہ برازیل کے واقعے سے تقریباً ایک سفارتی بحران پیدا ہوچکا ہے۔ اجلاس کا مقصد مبینہ طور پر اتوار کو برازیل میں سامنےآنے والے کیس کی طرح کےدیگر معاملات سے نمٹنے کے لئے طریقہ کار وضع کرنا تھا۔ اسرائیلی اٹارنی آفس کے بین الاقوامی ڈویژن کے سابق سربراہ یوول کپلنسکی نے میڈیا کو بتایا کہ اگر کوئی فوجی ایک ویڈیو پوسٹ کرتا ہے جس میں آپ تباہ شدہ مکانات دیکھتے ہیں، یا مکانات کے مسمار ہونے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہیں، اور وہ کہتا ہے کہ ہم غزہ کے تمام گھروں کو اڑانے جا رہے ہیں، اور شہریوں کو قتل کر دیں گے، اور وہاں آباد ہو جائیں گے، اور تمام غزہ کو تباہ کر دیں گے، وہ بنیادی طور پر اعلان کر رہا ہے کہ وہ جنگی جرم کر رہا ہے۔ یہ رپورٹس بیلجیئم میں قائم ایک غیر منافع بخش تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک مہم کے دوران سامنے آئی ہیں، جو سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز شائع کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی شناخت کررہی ہے، جن میں وہ ممکنہ جنگی جرائم کے ارتکاب کرنے کا دعویٰ کرتے، یا ان کی توثیق کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید