کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گٹر کے ڈھکن لگانا ہمارا کام ہے لیکن چوری ہونے سے ہم نہیں بچا سکتے،اس کے لئے ضروری ہے کہ علاقے کے لوگ اور پولیس بروقت کارروائی کرے یہاں تو حال یہ ہے کہ گھر یا دفتر کے باہر رکھے ہوئے گملے بھی اٹھالئے جاتے ہیں موبائل فون کی چوری روکنا ہے تو پرانا موبائل خریدنے کو بند کرنا ہوگا، اسی طرح موٹر سائیکل کی چوری روکنی ہے تو جہاں پرانا سامان ملتا ہے اس بند کرنا ہوگاپیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ایسے اختلافات نہیں کہ ساتھ نہ بیٹھ سکیں، مسائل کا حل نکالا جانا چاہئے، کے ایم سی میں میرٹ کے مطابق 118 ملازمین کو ترقیاں دی گئی ہیں، عوام سے کئے گئے وعدوں کو وفا کریں گے، کراچی کی رونقوں کو بحال کریں گے، ہم سب مل کر اس شہر کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے پیر کے روز کونسل ہال کے ایم سی میں ملازمین کو پروموشن آرڈر تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، پیپلز لیبر بیورو کے صدر اسلم سموں اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر نے کہا کہ ترقی نوکری کا حصہ ہے لیکن کے ایم سی میں افسوسناک صورتحال یہ رہی ہے کہ 32 سال گزرنے کے باوجود بہت سے ملازمین کو ترقی نہیں دی گئی، پیپلزپارٹی نے آج یہ قدم اٹھایا ہے اور ملازمین کو قوانین کے مطابق ترقی دینے کا عمل شروع کیا ہے، آئندہ بھی ملازمین کو ترقی دینے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں گٹر میں گر کر بچہ کے ہلاک ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے مجھے اس پر شدید دکھ ہے، گٹر کے ڈھکن لگانا ہمارا کام ہے لیکن چوری ہونے سے ہم نہیں بچا سکتے، انہوں نے کہا کہ اگر موبائل کی چوری کو روکنا ہے تو پرانا موبائل خریدنے کو بند کرنا ہوگا، اسی طرح موٹر سائیکل کی چوری روکنی ہے تو جہاں پرانا سامان ملتا ہے اس بند کرنا ہوگا۔