• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، شہید ذوالفقار بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنیکی قرارداد منظور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ایوان نے پیر کو ایجنڈے کی دوسری تمام کارروائی معطل کرکے پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت کی مناسبت سے انہیں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی،قرارداد میں میں شہید لیڈر کو ان کی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ پی ٹی آئی کے اراکین کا شور شرابہ ۔پیر کو سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سید اویس شاہ کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا تو پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر پارلیمنٹرین نثار احمد کھوڑو نے ایوان میں قرارداد پیش کی کہ ایجنڈے کی تمام کارروائی معطل کرکے شہید بھٹو کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پر بحث کی جائے جس پر اسپیکر نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کیلئے آج کاتمام بزنس جمعہ کے روز تک موخر کردیا۔ نثار کھوڑو نے اپنی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایک متفقہ آئین دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر بھٹو اور شہید بینظیر زندہ ہوتے تو آج یہ ملک ایسا نہ ہوتا اور ملک ترقی کی اعلیٰ منازل طے کرچکا ہوتا۔سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو نے جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئی اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ، یہ اللہ کی شان ہے کہ آج سیاسی مخالفین بھی اپنے جلسوں میں بھٹو کی مثالیں دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے بھٹو جیسی ذہین شخصیت کی ضرورت ہے ۔شرجیل میمن کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے اراکین نے شور شرابہ کرنے کی کوشش بھی کی ۔ پی پی کے رکن جمیل سومرو نے کہا کہ بھٹو صاحب نے سرزمین بے آئین کو آئین دیا اور مسلم دنیا کو اکٹھا کیا۔ قائد عوام مفکر، مدبر اور عالم اسلام کے لیڈر تھے ۔ اپوزیشن کے رکن شبیر قریشی نے کہا کہ شہید بھٹو دنیا کے عظیم رہنماء تھے۔ بھٹو کا ایک کارنامہ ہی دنیا پر بھاری ہے جو انہوں نے ترمیم کی کہ جو آخری نبی کو نہ مانے وہ مسلمان نہیں ہے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ آج تاریخ نے ثابت کیا کہ بھٹو صاحب کا عدالتی قتل ہوا تھا اور پاکستان میں پارلیمنٹ کا وجود بھی بھٹو کی وجہ سے ہے۔ پیپلز پارٹی کے امداد پتافی نے کہا کہ بھٹو کی صلاحیت نے اس ملک کو عظیم ملک بنایا ،بھٹو نے ملک میں جمہوری ادارے بنائے۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن ان کا نظریہ اور فلسفہ ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیرالنساءمغل نے بھی شہید بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔بعدازاں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اہم خبریں سے مزید