کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرا م ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات تحریری شکل میں دینے سے انکاری کیوں ہے؟ اس سوال کے جواب میں تجزیہ کار سلیم صافی، محمل سرفراز اور فخر درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بنیادی مطالبہ عمران خان کی رہائی ہے جسے وہ تحریری طور پر نہیں دینا چاہتے چونکہ وہ سمجھتے ہیں اس سے این آر او یا ڈیل کا تاثر جائے گاجبکہ تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ مذاکرات میں بیٹھنے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف نے موجودہ نظام کو قانونی طور پرکم سے کم نصف تو تسلیم کر لیا ہے اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے ضروری ہے فریقین لچک کا مظاہرہ کریں اور اپنی غلطیوں کو تسلیم کریں۔تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ مذاکرات سے زیادہ امیدیں وابستہ اس لیے بھی نہیں کی جاسکتیں چونکہ پی ٹی آئی کی ٹیم بااختیار نہیں ہے انہیں ہر بات کا مشورہ عمران خان سے کرنا پڑے گااور حکومت اتنی آسانی سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دیتی اسی طرح چلتا رہے گا تو مذاکرات نتیجہ خیز ہونا ممکن نظر نہیں آرہا ہے۔تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ مذاکرات کے لیے دو چیزیں لازمی ہوتی ہیں جن میں سے اپنی غلطی تسلیم کرنا سرفہرست ہے لیکن فریقین میں ایسا کچھ نظر نہیں آیا۔