اسلام آباد (ساجد چوہدری )مجوزہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کے تحت 17رکنی نیشنل ڈیجٹیل کمیشن تشکیل دیا جائے گاجس کے چیئرمین وزیراعظم ہونگے ، متعلقہ ڈویژن کے منسٹر انچارج وائس چیئرمین ہونگے، ممبران میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلٰی ، وزیرداخلہ، وزیر تجارت ،وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پی ٹی اے ، چیئرمین ایس ای سی پی، گورنر اسٹیٹ بنک آف پاکستان شامل ہونگے ، چیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کمیشن کے سیکرٹری ہونگے، مجوزہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کا بل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے پاسزیر غور کیلئے موجود ہے ، وہاں سے پاس ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں منظوری کیلئے جائیگا ، وہاں سے پاس ہونے کے بعد یہ بل سینٹ میں پیش ہو گا ، وہاں سے پاس ہونے کے بعدپھر یہ بل صدر مملکت سے منظوری کے بعد ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کی صورت اختیار کر لے گا۔