اسلام آباد ( آن لائن ) ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کے دعوے دھرے رہ گئے ،مرغی اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام سخت پریشان ہیں، مرغی کے گوشت کی قیمت کو پر لگ گئے، کراچی، پشاور، راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک مختلف شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے تک کا ہوشربا اضافہ ہوگیا،وفاقی دارلحکومت میں چکن 740 سے 800 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ، سبزی فروشوں نے بھی سرکاری نرخ نامے ہوا میں اڑا دیئے، آلو 120 ، پیاز 160 ، ٹماٹر 200 روپے کلو میں بیچا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح اسلام آباد میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ جاری ہے اورایک ہفتے کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 300 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا، شہر میں مرغی کا گوشت 740 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے جبکہ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 410 روپے مقرر ہے لیکن ہول سیل میں زندہ مرغی 480 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، پشاور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے اور زندہ مرغی کی قیمت میں 10 دن میں فی کلو 150 روپے کے اضافے سے قیمت 510 روپے فی کلو ہوگئی راولپنڈی میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 480 روپے ہوگئی جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 500 روپے سے بڑھ کر 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی میں مرغی کی قیمت میں چند روز کے دوران 300 روپے فی کلو اضافے کے بعد آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں بھی 40 سے 60 روپے فی کلو مہنگی فروخت ہورہی ہیں۔