کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کے اسپیشل برانچ نے شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی تفصیلات جمع کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے،تفصیلات کے مطابق شہر میں شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی تفصیلات جمع کرنے کے لئے سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس انٹیلی جنس اسپیشل برانچ کراچی قمر رضا جسکانی کی جانب سے تمام ضلعی ڈپٹی سپریٹنڈنٹ آف پولیس انٹیلی جنس اسپیشل برانچ کو باقائدہ مراسلہ تحریر کردیا گیا ہے، مرسلہ کے ساتھ ایک پرفارما بھی منسلک کیا گیا جس کے مطابق وہ تمام افراد کے کوائف جمع کریں گے،مراسلہ میں تمام ضلعی آفسران کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقائی حدود میں غیر قانونی طور پر مقیم بنگالی،برمی اور دیگرغیر ملکیوں کی رجسٹریشن و میپنگ کا آغاز کریں،جبکہ آفسران کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ بھی مذکورہ آفس میں ارسال کرنے کی ہدایات دی گئیں ہیں ،ذرائع سے معلوم ہوا ہےکہ شہر میں 14 لاکھ سے زائد افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں جن میں تقریبا 5 لاکھ بنگالی ،ڈھائی لاکھ برمی اور دیگر اقوام کے لوگ شامل ہیں ،ایس ایس پی انٹیلی جنس اسپیشل برانچ کراچی قمر رضا جسکانی نے بتایا ہےکہ اسپیشل برانچ کا کام ڈیٹا جمع کرکے اسے رپورٹ کرنا ہے ،ان لوگوں کو آیا اپنے اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جائے گا یا نہیں اس بات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ۔