اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)چشمہ میں 1200 میگاواٹ کے جوہری پاور پلانٹ کی لاگت 1124.842ارب روپے ،پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے اپنی پٹیشن میں نیپرا سے 40 سال کیلئے 16.7354روپے فی یونٹ کا لیولائز ٹیرف مانگ لیا تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) نے نیپرا کے پاس اپنی درخواست جمع کرائی ہے جس میں 1200میگاواٹ کے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانت -5 (سی 5 ) کے منصوبے کے لیے 40 سال کے لئے 16.7354 روپے (5.97 سینٹ) فی یونٹ کے لیولائز ٹیرف کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نیپرا نے درخواست کو تسلیم کیا ہے جس کے تحت یہ منصوبہ 1124.842 ارب روپے کی لاگت سے 81 ماہ میں 19 فیصد ایکویٹی اور 81فیصد قرض کے ساتھ مکمل ہوگا۔ پی اے ای سی کی پٹیشن ایک تا بارہ سال کے لئے 19.8268 روپے فی یونٹ اور تیرہ تا چالیس سال کے لئے 9.6320روپے فی یونٹ کا ٹیرف طلب کیا گیا ہے اور اس طرح لیولائز ٹیرف 16.7354 روپے فی یونٹ ہوگا۔ منصوبے کی 1125 ارب روپے کی لاگت میں ای پی سی لاگت 965.835 ارب روپے، نان ای پی سی 69.469 ارب روپے اور آئی ڈی سی (لاگت کے دوران سود) 89.538ارب روپے شامل ہے۔ ایکویٹی پر ریٹرن 14.50 فیصد سالانہ کے حساب سے مانگا گیا ہے۔ 13-40 سے 28 سالوں میں ایکویٹی سے نجات فرض کی گئی ہے۔