• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقربا پروری نے ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کراچی میں تعلیمی نسل کشی کر رہی ہے، شعبہ تعلیم میں بھی نا اہلی و کرپشن اور اقربا پروری نے کراچی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ انٹر سال اوّل کے نتائج اور ایم ڈی کیٹ کے معاملے میں ہیر پھیر اور پیپر لیک معمول بن گیا ہے جس کے باعث طلبہ و طالبات سمیت والدین بھی شدید اذیت سے گزر رہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے طلبہ و طالبات کو تعلیم سے محروم کرنے کا عمل بند ، تعلیم کو تجارت بننے سے روکا ، ایڈ ہاک ازم ختم ، انٹر بورڈ کے حوالے سے کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دی جائے، میرٹ کی بنیاد پر کنٹرولر آف ایگزامینیشن مقرر ، اسکروٹنی کا عمل مفت کیا جائے اور نہ صرف نمبرز بلکہ امتحانی کاپیاں بھی چیک کی جائیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قابض میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور ان کے ماتحت اداروں میں بدترین کرپشن نے ملک کے اقتصادی و صنعتی حب کراچی کو تباہ و برباد کر دیا ہے، اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے، بچے کھلے مین ہولز میں گر کر موت کا شکار ہو رہے ہیں، سندھ حکومت اور کے ایم سی کے محکموں میں کرپشن ختم کی جائے، ر یڈلائین پروجیکٹ سمیت شہر میں جاری دیگر تعمیراتی پروجیکٹ اپنی مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے طلبہ و طالبات اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، شہری اداروں اور تعلیم کی تباہی کے خلاف آواز بلند کرے گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید