کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال بلاک گیارہ اتوار بازار پارکنگ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 2سالہ شازیہ دخترفیاض جاں بحق ہوگئی،پولیس کے مطابق بچی حادثے کے وقت مذکورہ مقام پر کھیل رہی تھی اور اسی علاقے کی رہائشی تھی، پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی تحویل میں لے کر ڈرائیور محمد علی کو گرفتارکرلیا، پورٹ قاسم کے علاقے میں تیزرفتارنامعلوم ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا ، حاثہ میں 40سالہ علی محمد ولد در محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور ٹریلر سمیت فرارہوگیا، ڈیفنس فیز 7خیابان شہباز سگنل کے قریب تیز رفتارنامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 65سالہ نامعلوم راہگیر جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق لاش ورثاء کی تلاش اورشناخت کی غرض سے سردخانے میں موجود ہے،علاوہ ازیں گزری انڈر بائی پاس کے قریب واقع زیر تعمیر بلڈنگ میں کام کے دوران بارہویں منزل سے گرکر32 سالہ مزدوررنگ سازجمیل جاں بحق ہوگیا، آبائی تعلق ہزارہ سے تھا،دریں اثنا پاک کالونی کے علاقے ہارون آباد(کے ایم سی ) گرائونڈ کے قریب سے30 سالہ نامعلوم شخص ، پرانہ گولیمار بسمہ اللہ ہوٹل چونا والی گلی سے 45سالہ نامعلوم شخص ، گارڈن ہیڈکوارٹرجوبلی مارکیٹ کے قریب فٹ پاتھ سے40 سالہ نامعلوم شخص اور رنچھورلائن میں 50 سالہ شخص کی لاشیں ملیں ، لاشوں کو سردخانے منتقل کرادیا ، پولیس کے مطابق تمام افراد نشے کے عادی تھے۔