کراچی (اسٹاف رپورٹر) برطانیہ کے اراکین پارلیمنٹ نے اگلے ماہ شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ ٹیم سے افغانستان کیخلاف میچ سے بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کا جواب میں کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا یک طرفہ فیصلہ نہیں کرسکتے، تاہم بورڈ طالبان کے خواتین کے ساتھ سلوک کی سخت مذمت کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 160 برطانوی اراکین پارلیمان نے بذریعہ خط مطالبہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کرکٹ ٹیم کیخلاف میچ سے بائیکاٹ کرے اور افغانستان میں خواتین کیساتھ ناروا سلوک پر آواز بلند کرے۔ ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا ہے کہ تمام ممبر ممالک کے ساتھ مشترکہ فیصلے کی حمایت کریں گے، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ طالبان کے خواتین کے ساتھ سلوک کی سخت مذمت کرتا ہے۔