• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20 کلو غیرمعیاری کھویا، 15 لیٹر دودھ، 5 کلو چائنہ نمک اور 10 کلو مرچیں تلف

ملتان (سٹاف رپورٹر)خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں سویٹس یونٹس، کریانہ سٹورز، ہوٹلز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی،اس موقع پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے، 20 کلو غیر معیاری کھویا 15 لٹر ملاوٹی دُودھ، 5 کلو چائنہ نمک، 10 کلو مضر صحت مرچیں، 20 کلو چائےکی پتی تلف کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق سلطان آباد کالونی، نگانہ چوک اور چونگی نمبر 22 پر 3 سویٹس یونٹس کو مٹھائی میں مردہ حشرات پائےجانے، صفائی کے ناقص انتظامات اور ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی پر مجموعی طور پر 60 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح مسجد بازار میاں چنوں، پوسٹ آفس بازار جہانیاں میں 3 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری مشروبات فروخت کرنے، مضر صحت پتی فروخت کرنے پر 45 ہزار روپے، کبیر والا میں دُودھ میں فیٹ کی کمی پائے جانے سیمپل فیل ہونے پر کھویا یونٹ کو 12 ہزار روپے، پرانہ لاری اڈہ وہاڑی میں کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر ہوٹل کو 50 ہزار جبکہ کالونی چوک میلسی میں دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے، غیر معیاری دودھ کا استعمال کرنے پر ٹی سٹال کو 7 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ملتان سے مزید