لندن (پی اے )وولوچ سائوتھ ایسٹ لندن میں A205 سائوتھ سرکلر روڈ کے جنکشن کے نزدیک وولوچ چرچ اسٹریٹ پرایک ڈبل ڈیکر بس میں14:30بجے کے قریب 14 سالہ لڑکے کو خنجر مار کر قتل کردیاگیا، میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈکس کے پہنچنے سے پہلے ہی لڑکا دم توڑ گیا، چیف سپرنٹنڈنٹ Louise Sargentکا کہناہے کہ ہماری دعائیں متوفی کی فیملی اور دوستوں کے ساتھ ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم تصور نہیں کرسکتے کہ وہ اس وقت کس کرب میں مبتلا ہوں گے۔ ابھی تک اس حوالے سے کسی کو گرفتار نہیں کیاجاسکا ہے تاہم پولیس نے سڑک بند کرکے پولیس تعینات کردی ہے ،خنجر زنی کا یہ واقعہ وولوچ میں ستمبر میں Daèjaun کیمپبل میں ایک 15 سالہ لڑکے کی خنجر زنی کے نتیجے میں ہونے والی موت کے بعد پیش آیا ہے،اس کی موت کے بعد اس کی ماں نے کہا تھا کہ قتل کے اس طرح کے احمقانہ واقعات اب بند ہوجانے چاہئیں،گزشتہ سال لندن میں مجموعی طورپر 11 کمسن بچے قتل کئے گئے ۔یہ 2012 کے بعد سے قتل کی سب سے کم وارداتیں ہیں ،لیکن لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اس طرح کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ، گرین وچ اور وولوچ سے لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ماتھیو پینی کک کا کہناہے کہ انھیں یہ معلوم ہونے پر بہت افسوس ہوا کہ ہماری کمیونٹی ایک اور نوجوان سے محروم ہوگئی ،میری دعائیں متوفی کی فیملی اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔لندن کے میئر سرصادق خان نے کہاہے کہ خنجر زنی کی واردات میں ایک14 سالہ لڑکے کی المناک ہلاکت پر میری دعائیں متوفی کی سوگوار فیملی ، دوستوں اور گرین وچ کی پوری کمیونٹی کے ساتھ ہیں ،ہمارے شہر میں اس طرح کے دلدوز تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے ،پولیس حکام سے میں اس حوالے سے قریبی رابطے میں ہوں ، قتل کے اس واقعے کی تفتیش جاری ہے اور اب علاقے کے لوگوں کو پولیس کا زیادہ گشت نظر آئے گا ۔ لندن ایمبولنس سروس کا کہناہے کہ اس نے ایک تیز رفتار کار کے ذریعے ایک ایمبولنس کا عملہ ایک پیرامیڈکس اور اپنے ٹیکٹیکل ریسپانس یونٹ کا ایک افسر اور ایک پیرامیڈک اور لندن ایئر ایمبولنس بھیجاتھا ،ایک ترجمان نے بتایا کہ ہمارے عملے کی تمامتر کوششوں کے باوجود کمسن بچے کی جان نہیں بچائی جاسکی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔