مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو نے پاکستانی عوام کا شعور بیدار کرنے کے لیے ان تھک کوششیں کیں انہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قلعہ بنانے کیلئے ایٹمی توانائی کی بنیاد رکھی اور پورے عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ان خیالات کا اظہار ذوالفقار علی بھٹو کے 97ویں یوم ولادت پر ایک پروقار تقریب کے موقع پر کیا جس کا اہتمام گریٹر مانچسٹر پیپلز پارٹی نے کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے اور پیپلز پارٹی گریٹر مانچسٹر کے عہدے داروں نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کے حوالے سے کیک بھی کاٹا۔ سینئر نائب صدر برطانیہ خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا کہ آج بھی ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے غیر متنازع قائد اور لیڈر تصور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے عالم اسلام کو متحد کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کر کے مسلم امہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ وہ اسلامی سربراہی کانفرنس کے چیئرمین تھے۔ ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کو1973 کا آئین دیا، کشمیر کی آزادی کیلئے عالمی سطح پر جدوجہد کی اور مسئلہ کشمیر کو اجا گر کیا۔ آج اگر شہید ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو پاکستان دنیا کے نقشے پر مستحکم مضبوط اور خوشحال ملک ہوتا۔ اس موقع پر گریٹر مانچشر کے صدر خواجہ صالح کلیم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو اب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو پورا کریں گے اور عنقریب پاکستان میں پیپلز پارٹی اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر رانا سلطان، چوہدری نجم الحسن، طاہر محمود، خواجہ عمران کلیم اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔