• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں شدید برفباری اور طوفان کے باعث 4 بڑے ایئرپورٹس بند، سیلاب کی مزید وارننگز جاری

مانچسٹر/ لیڈز(ہارون مرزا/ زاہد انور مرزا)برطانیہ میں شدید برفباری اور طوفان کے باعث مختلف حصوں میں حالات ابتری کا شکا رہیں۔انگلینڈ میں متوقع سیلاب کیلئے مزید 201 سیلاب کی وارننگز اور 300الرٹس جاری کیے گئے ہیں بڑے انجماد کے بعد چار بڑے ہوائی اڈوں کو پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا جس سے سینکڑوں پروازیں متاثر ہوئی ہیں اورہزاروں مسافر اپنی منزل تک پہنچنے سے قاصر رہے ہیں ۔شدید برفباری ، درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ کی وجہ سے معمولات زندگی بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں،مسلسل تین یوم سے مانچسٹر ائیر پورٹ سنگین مسائل کا شکار ہے اور ایئرپورٹ کے دونوں رن وے عارضی طو رپر بند کر دیے گئے ہیں جس کے بعد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ۔برسٹل ائیر پورٹ پر بھی برفباری کی وجہ سے تمام پروازیںمعطل کر دی گئی ہیں جبکہ لیورپول جان لینن ہوائی اڈہ بھی برف صاف کرنے اور اینٹی آئسنگ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ابرڈین ہوائی اڈے نے بھی برف کی صورتحال کی وجہ سے پروازوں کو روک دیا ہے اور ٹیمیں برف کی صفائی میں مصروف ہیں۔شدید سیلاب اور برفانی طوفانوں کی وجہ سے موٹر وے، ریلوے لائنیں بند ہونے کے بعد برطانیہ کے بیشتر حصوں میں مزید برفباری کیلئے میٹ آفس کی وارننگ برقرار رکھی گئی ہے۔ حالات کی وجہ سے کرسمس کے بعد کے بن جمع کرنے میں بھی خلل پڑا ہے جن میں شیفیلڈ، لیڈز، کالڈرڈیل، کرکلیز، میکلیس فیلڈ اور فلنٹ شائر شامل ہیں ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج 15 گھنٹوں میں جنوب میں مزید 4انچ تک برف گرے گی اور اسکاٹ لینڈ میں گرج چمک کی اطلاعات ہیں سردی کے موسم میں گرج چمک کے ساتھ طوفان بنتے ہیں۔ انتہائی سرد موسم کی وجہ سے 350سے زیادہ سکول بند کردیئے گئے ۔ویسٹ یارکشائر ،بریڈ فورڈ، کرکلیز ،لیڈز زیاد ہ متاثرہ علاقوں میں سرفہرست ہیں ہائی لینڈز میں بھی درجہ حرارت منفی 8.1تک گر گیا ہے۔ انگلینڈ میں نارتھ یارکشائر میں ٹاپ کلف اور کمبریا میں بھی منفی پانچ سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ اور ویلز، نارتھ ویلز اور نارتھ ویسٹ انگلینڈ اور ویسٹ مڈلینڈز کے کچھ حصوں میں برفباری کا سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کی وارننگ مغربی اور شمالی سکاٹ لینڈ کے لیے اور شمالی آئرلینڈ میں آج صبح 11 بجے تک رہے گی۔ جنوبی لندن سمیت جنوبی انگلینڈ کے لیے ایک علیحدہ برفانی وارننگ کل رات تک جاری رہے گی۔ انوائرمنٹ ایجنسی نے لیسٹر شائر میں بیرو اوون سور کے قریب کارواں پارکوں کو ڈھانپنے والے دریائے سور کے لیے شدید سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ علاوہ ازیں شمالی برطانیہ میں دو روز کی شدید برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔ ٹمپریچر گرنے سے فٹ پاتھ اور اہم شاہراہوں پر روڈ آئی سی ہونے کے سبب حادثات کی اطلاعات ہیں جب کہ تعلیمی ادارے بند ہیں ۔بسوں اورٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی تاخیر کا شکار ہے ۔ لیڈز بریڈ فورڈ ائرپورٹ بند ہے اور تمام پروازوں کو مڈلینڈ ائرپورٹ کی طرف بھیجا جا رہا ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید سردی کی امبر وارننگ جاری کی گئی ہے۔

یورپ سے سے مزید