گلاسگو (نمائندہ جنگ) نیشنل ہیلتھ سروس کی خراب صورتحال میں بدانتظامی کا بھی خاصا دخل ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے ہسپتالوں میں مریضوں کو تاخیر سے ڈسچارج کرنے پر گزشتہ دس سال میں تقریباً ڈیڑھ بلین پونڈ کے اضافی اخراجات آئے ہیں۔ اس مسئلے کی وجہ سے بستروں کے دن مارچ 2015سے لے کر اب تک 50لاکھ سے زیادہ دن ضائع ہو چکے ہیں۔ا سکاٹش لیبر کی ہیلتھ ترجمان جیکی بیلی نے کہا ہے کہ صرف 2023/24میں تاخیر سے ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی وجہ سے 208ملین پونڈ خرچ ہوئے اور یہ اخراجات اکتوبر میں اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں، جبکہ دیگر مریض ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے پر راہداریوں میں پھنسے رہتے ہیں۔ جیکی بیلی نے کہا کہ برطانوی لیبر حکومت نے بجٹ کیلئے ا سکاٹش لیبر حکومت کو ایک ریکارڈ رقم فراہم کی ہے۔ اب اسکاٹش نیشنل پارٹی کا فرض ہے کہ اس رقم کو دانشمندی سے خرچ کرکے صورتحال کو بہتر بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کے ہیلتھ سیکرٹری نیل گرے نے کہا ہے کہ ہم 2025/26کے بجٹ میں مریضوں کو ہسپتال سے وقت پر فارغ کرنے، بیک لاگ کو ختم کرنے اور کوالٹی کو بہتر بنانے پر 2سو ملین پونڈ خرچ کر رہے ہیں۔