لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور اسکواش کے کھیل کے حوالے سے پاکستانی نوجوانوں نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش کی مختلف کیٹگریز میں شرکت کرکے طلائی اور کانسی کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ہائی کمیشن میں منعقد استقبالیہ میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں انعامات بھی دیئے۔ ڈاکٹر محمدفیصل نے کہا کہ ان نوجوانوں نے ہمیں اسکواش کا وہ شاندار دور یاد کرا دیا ہے جب اس کھیل پر پاکستانی کھلاڑیوں کا راج ہوتا تھا۔ جہانگیر خان اور جان شیرخان اس کھیل میں ناقابل شکست تصور کئے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے خود اسپانسر شپ تلاش کرکے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن انہیں ہر طرح سے سپورٹ کرے گا۔ ٹیم کے منیجر ریحان طاہر نے کہا کہ ہمارا مقصد ہی یہ ہے کہ پاکستان میں باصلاحیت بچوں کو آگے لے کر آئیں۔ ہم نے ماضی میں 2014میں لیاری کے بچوں کو برازیل میں منعقد ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں لے کر گئے تھے دیگر ممالک بھی گئے۔ اسی طرح ہم چاہتے ہیں کہ اسکواش میں ٹیلنٹ رکھنے والے بچوں کو بھی سامنے لایا جائے۔ ٹیم کے کوچ کامران خان نے کہا کہ ان بچوں نے پاکستان میں کافی محنت کی تھی، ان کو درست سپورٹ چاہئے اگر ان کی رہنمائی کی جاتی رہی تو یہ مستقبل کے چیمپئن بنیں گے اور پاکستان اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ مقامی میزبان جہانگیر ملک نے کہا کہ اوپن جونیئر چیمپئن شپ برمنگھم میں منعقد ہوتی ہے اور اس سال 18برس کے بعد انڈر 13کیٹیگری میں سہیل عدنان نے گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم سربلند کر دیا ہے یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے۔ یو ایس جونیئر اوپن اور اسکواش جونیئر اوپن میں انڈر 13 کیٹگری گولڈ میڈل جیتنے والی ماہ نور علی نے کہا کہ اس کامیابی پر بہت خوش ہوں یہ میرے لئے بلکہ پورے پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے۔ میں نے اس کامیابی کیلئے بہت محنت کی تھی اور ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گی۔ اسکواش جونیئر چیمپین شپ جیتنے والی اذان علی خان نے کہا کہ میری کامیابی میں والد کا بڑا ہاتھ ہے آل پاکستان انڈر 19نمبرون مہوش علی نے اسکواش جونیئر اوپن انڈر 17میں کانسی کا تمغہ جیتا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس انہوں نے انڈر 15 میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام بڑے ٹورنامنٹس جیتنے کی کوشش کروں گی۔ آل پاکستان انڈر 15 نمبرون سحرش نے اسکواش جونیئر میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی سحرش علی نے کہا کہ اس مقابلے میں حصہ لے کر کافی تجربہ ملا ہے اور کوشش کروں گی کہ آئندہ برس گولڈ میڈل جیتوں۔ تقریب میں ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز، ٹریڈ منسٹر شفیق شہزاد، اکنامک منسٹر ڈاکٹر ثمینہ، پریس منسٹر علی نواز ملک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔