ٹیکسلا (نمائندہ جنگ )وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ یہ کہنے کی باتیں ہیں کہ پیپلز پارٹی الگ ہو جائے گی اور حکومت گر جائے گی‘پی ٹی آئی سے تحریری مطالبات اس لیے مانگ رہے ہیں تاکہ قوم کو پتہ چلے یہ کیا مانگ رہے ہیں‘ اب بلی کو تھیلے سے باہر آ جانا چاہیے‘قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے ابھی تک قیدیوں کی فہرستیں نہیں دے سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعقیل کا کہناتھاکہ پیپلز پارٹی کے خدشات کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، یہ ہلکی پھلکی موسیقی دونوں طرف سے لگی رہتی ہے ۔ پہلی میٹنگ میں طے ہوا کہ تحریری مطالبات دیں گے تاکہ یوٹرن نہ لے سکیں‘قوم کو جان لینا چاہیے کہ پی ٹی آئی لیڈران کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں‘ بانی پی ٹی آئی کوئی سیاسی قیدی تو نہیں ہیں ۔ مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی والے اپنا مینڈیٹ واپس مانگ رہے تھے مگر مطالبات میں مینڈیٹ واپسی سے متعلق کوئی ذکر نہیں ہے۔