اسلام آباد (پی پی آئی)ریئر ایڈمرل محمد سلیم کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔وائس ایڈمرل محمد سلیم نے 1991 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ افسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد، سے گریجویٹ ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ایم فل اور برطانیہ سے انٹرنیشنل الیکٹرانک وارفیئر مینیجر کا کورس بھی کیا ہوا ہے۔ وائس ایڈمرل محمد سلیم اپنے شاندار کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ افسر پی این سب میرینز حمزہ اور حرمت، کمانڈر نویں آگزیلری اور مائن ہنٹنگ اسکواڈرن، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈر کراچی شامل ہیں۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں کمانڈر سب میرینز کے سینئر اسٹاف افسر (آپریشنز) ، نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پرسنیل) شامل ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیشنل انٹیلی جنس اکیڈمی، اسلام آباد کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے۔