اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بلیو ایریا پارکنگ پلازے اور کیپٹل سٹریٹ (آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج) کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کیپیٹل سٹریٹ کے روڈ انفراسٹرکچر پر جلد کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیلام کئے گئے پلاٹس کو ڈویلپ کرکے رواں ماہ الاٹیوں کو قبضہ دیا جائے اور کیپٹل سٹریٹ کے ڈیزائن اور پلاننگ کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہیں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کیپیٹل سٹریٹ میں ایکسپو ہال، سیاحت، آرٹ اینڈ کرافٹ سٹالز، ایمفٹی تھیٹر، سینما گھر جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں پارکنگ پلازے کے مختلف حصوں کے استعمال اور ذرائع آمدن کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سنئیر افسران کے ہمراہ شاہراہِ دستور، مارگلہ ایونیو اور سرینا چوک انٹرچینج منصوبے کا دورہ بھی کیا اور مارگلہ روڈ سیکریٹریٹ تا بری امام سیکشن پر کام کا جائزہ لیا۔