• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیر صدارت پہلی گورنرز سمٹ کا انعقاد

کراچی (نیوز ڈیسک) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ کا انعقاد کیا گیا ۔ گورنرز سمٹ میں پنجاب کے گورنرسردار سلیم حیدر خان ، خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی ، بلوچستان کے گورنرشیخ جعفر خان مندوخیل اورگلگت بلتستان کے گورنرسید مہدی شاہ بھی شریک تھے۔ گورنرز سمٹ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنراختیارات پر طویل مشاورت ہوئی۔ گورنرسندھ نے گورنرز سمٹ میں شریک گورنرز کو گورنرہاؤس آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تما م گورنرز نے شرکت کرکے مجھے اعزاز بخشا،پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے اس میں گورنرز اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندو خیل نے کہا کہ گورنرصوبہ کا آئینی سربراہ ہے ان کے کردار کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے گورنرسید مہدی شاہ نے کہاکہ گورنرز سمٹ پر گورنرسندھ کا شکریہ۔ انشاءاللہ مل کر کام کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی رابطہ کا فروغ انتہائی نا گزیر ہے۔پہلی گورنرز سمٹ کے بعد گورنرسندھ نے دیگر گورنرز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج گورنر ہاؤس میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ کا انعقا د کیا گیا۔ گورنرسمٹ میں گورنر ز کے کردار و اختیارات پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سیاست پیچھے چلی گئی اور ریاست آگے آگئی ہے کیونکہ مختلف پارٹیز سے تعلق رکھنے والے گورنرز آج ایک جگہ جمع ہیں۔ ہم سب ریاست اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کا مقصد صوبوں کے درمیان مزید ہم آہنگی کا قیام ہے۔ انہوں نے کہاکہ گورنرز آئینی سربراہ اور آئین عوام کی خدمت کے لئے ہوتا ہے۔ ہمیں اپنا کردار اور اختیارات استعمال کر کے عوام کی خدمت کرنے کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام گورنرز اپنے اپنے لیول پر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔گورنر ز حکومت اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں اپنا مزید کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام گورنرز کی کوشش ہوگی کہ اگلی مشترکہ ملاقات وزیراعظم پھر صدر مملکت سے کی جائے۔

ملک بھر سے سے مزید