کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کورنگی میں 2024کے دوران ایک لاکھ سے زائد بچوں کو صحت کی سہولتیں دی گئیں، ڈیڑھ لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے گئے، 9ہزار سے زائد بچوں کو داخل کیا گیا جبکہ 954بچے دوران علاج انتقال کر گئے۔ ادارے سے حاصل اعداد وشمار کے مطابق جنوری تا دسمبر 2024اسپتال کی او پی ڈی میں 1لاکھ 14ہزار 765 بچوں کو معائنے کے لئے لایا گیا، مختلف بیماریوں میں مبتلا 9 ہزار 645 بچوں کو داخل کیا گیا جبکہ 954 بچے دوران علاج انتقال کر گئے ۔ اسپتال میں 1 لاکھ57 ہزار 841 ٹیسٹ کیے گئے، 5693 ایکسرے ، 3726الٹرا ساؤنڈ ، 1018 ای ای جی ا ور ای ایم جی ، 350ایکو اور146 سی ٹی اسکین کیے گئے ، 4618بچوں کی فزیو تھراپی ، 1455کلینیکل سائیکالوجی ، 5278 آکوپیشنل تھراپی اور 146لیکٹیشن کونسلنگ سیشن کیے گئے ۔ جنگ سے گفتگو میں ادارے کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا نے بتایا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ نیونیٹولوجی نیٹ ورک حکومت سندھ اور محکمہ صحت کے تعاون سے قائم ہے جس نے 2024 میں ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائی ہیں اور مریضوں کو بالکل مفت صحت کی جدید سہولتیں فراہم کی ہیں۔ نیٹ ورک کا کورنگی کراچی اسپتال 200بستروں ، سکھر اسپتال 225 بستروں اور شہید بینظیر آباد انٹینسیو کیئر یونٹ 60 بستروں پر مشتمل ہے ۔تینوں اداروں میں 162 این آئی سی یو بیڈ، 73 پی آئی سی یو بیڈ، 56 وینٹی لیٹرز، 82 ہائی فلو یونٹس اور 152 انکیو بیٹرز موجود ہیں جہاں2024 میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 990 بچوں کا معائنہ اور 43 ہزار 197کو داخل کیا گیا جبکہ بہترین سہولتوں سےنوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں کمی لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح ہر ہزار پر 40ہے جبکہ ہمارے پاس یہ شرح ہزار پر 4 ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک کے تحت اینڈو کرینولوجی، نیفرولوجی، نیورولوجی اور کارڈیالوجی تک کے ماہرین کی خدمات دی جاتی ہیں، تینوں اداروں کو ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے تحت منسلک کیا گیا جس سے مریضوں اور دی جانے والی سہولتوں کی موثر نگرانی کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ تینوں مراکز میں ٹیلی مشاورت کلینکس شروع کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی مریض سے متعلق انٹر فیسیلیٹی کوآرڈینیشن اور ماہرانہ رائے فوراً مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹ ورک میں مزید اسپتالوں کا اضافہ ہوگا، اعظم بستی میں 80 بستروں پر مشتمل سہولت تین ماہ میں شروع ہو جائے گی جبکہ لاڑکانہ سہولت کی تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2025-26 کے لئے جامشورو، ٹنڈو محمد خان، گھوٹکی، سول اسپتال کراچی اور سیہون میں سہولتیں قائم کرنے کا ارادہ ہے۔