پیرس (رضا چوہدری، نمائندہ جنگ) فرانس میں پاکستانی ناظم الامور حذیفہ خانم نے کہا ہے کہ پیرس کیلئے قومی ائیر لائن کی پروازیں بحال ہونا سمندر پار پاکستانیوں کیلئے تحفہ ہے، پی آئی اے کی ساڑھے 4 سال بعد پہلی پرواز پیرس کے چارلس ڈی گال (سی ڈی جی) ایئرپورٹ پر پہنچ گئی، پاکستانی برادری یورپ کیلئے قومی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر بہت پرجوش ہے، اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر پیرس پہنچی تو ایر پورٹ پر موجود پاکستانی کمیونٹی کا جوش اور خوشی دیدنی تھی ، پی آئی اے اور ایوی ایشن کے حکام اور عملے کے ارکان کو فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی و سماجی رہنماؤں، چارج ڈی افیئرز حذیفہ خانم ، پریس کونسلر سنجیلہ اسٹیشن منجیر رضوان اور پی آئی اے کے افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ چارج ڈی افیئرز نے سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بہترین تحفہ ہے۔