اسلام آباد،سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ جنگ)اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اجلاس کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، مختصر نوٹس پر اجلاس بلانے کیلئے تیار ہوں ۔ پی ٹی آئی کے کہنا ہے کہ مذاکرات کی تاریخ دیدی ہے جبکہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو مذاکرات کا عمل معطل ہوجائے گا۔ ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ٹوئٹ کے بعد مذاکرات بنتے تو نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرنے کے لیے اپوزیشن یا حکومت میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات حکومت نے کروانی ہے وہ میری ذمہ داری نہیں، حکومت اور اتحادی فیصلہ کر لیں کہ ملاقات ہو سکتی ہے یا نہیں۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ فریقین جب کہیں گے ایک دو روز کے نوٹس پر اجلاس بلانے کے لیے تیار ہوں۔ادھر سپیکر ایاز صادق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حامد رضا خان نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب خان کی طرف سے اسپیکر ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کی کوشش کی گئی مگررابطہ قائم نہ ہوسکا۔