کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کینال منصوبے پر احسن قبال کے موقف کو مسترد کردیا ہے، وفاقی وزیر بتائیں پانی تقسیم کے 1991ء کے معاہدے پر عمل کیوں نہیں کیا جارہا؟ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے پاس اضافی پانی ہے ہی نہیں تو کینالز میں کہاں سے لائیں گے۔ انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے کینال منصوبے کے معاملے پر سندھ کے اعتراضات کو بے بنیاد قرار دینے اور کوئی بھی صوبہ دوسرے صوبے کے حصے کا پانی نہ لینے کے موقف کو یکسر مسترد کردیا، انہوں نے وفاق کے اس موقف کو کمزور قرار دے دیا اور کینالوں کے منصوبے کے معاملے اور پانی کے 1991ء معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے متعلق وفاق کے سامنے سوال اٹھا دئے ہیں۔ایک بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال اور وفاقی حکومت سندھ کو یہ بتائیں کے پنجاب کو جتنا پانی کا حصہ ملتا ہے تو پنجاب کے پاس مزید اضافی پانی موجود ہے جو چولستان کینال کی 4152 کیوسک گنجائش بھر سکیں اس لئے وفاقی حکومت سندھ کو بتائے کے پنجاب کے پاس اتنا اضافی پانی ہے ہی نہیں تو پہر ان کینالز میں پانی کہاں سے لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کے چولستان کینال کو جھلم ندی کا پانی پہنچانے کے لئے قادرآباد، سلیمانکی اور رسول بیراج کی ری ماڈلنگ کی جائے گی تو پہر جھلم ندی اور چناب کی کمانڈ ایریا بھرنے کے لئے چشما اور تونسا پنجند لنک کینال مسلسل بھائے جائینگے جس سے کیا سندھ مزید بنجر نہیں بنے گا؟ انہوں نے کہا کے چشما جھلم لنک کینال اور تونسا پنجند لنک کینال فلڈ کینالز ہیں اور سندھ کو خدشہ اور اعتراض ہے کے ان لنک کینالوں کو مسلسل بھایا جائے گا۔