کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکریٹری وفاقی وزیر قومی ترقی واقتصادی امور پروفیسر احسن اقبال نے کراچی میں اپنے بلدیاتی نمائندوں کی شکایات پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے رابطہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ میئر کراچی ن لیگ کا بلدیاتی مینڈیٹ تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مرتضیٰ وہاب نے وفاق وزیر کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے نواز لیگ کے پارلیمانی لیڈر کی شکایات کے ازالے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی بلاامتیاز بلدیاتی وسائل کی فراہمی پیپلز پارٹی کا وژن ہے۔ احسن اقبال کے دورہ کراچی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) ضلع ملیر کے صدر و یوسی چیئرمین اور کے ایم سی میں نواز لیگ کے پارلیمانی لیڈر فیروز خان نے حاجی مظفر شجرہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بلدیاتی مسائل سے متعلق مئیر کراچی خلاف شکایات کے انبار لگادیئے۔