کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کے حوالے سے حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ ٹی آئی نے مذاکرات کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا،سیاستدانوں پر افسوس ہے کہ سمجھوتہ کرلیتے ہیں، اسٹبلشمنٹ کا غیر سیاسی ہونا بھی سیاسی ہوتا ہے، ملک کا نظام بہتر کرنے کے لئے ایک جگہ ٹھہرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو جامعہ صدیقیہ گلشن معمار کراچی میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے صرف اشارے مل رہے ہیں اس کے حقائق بھی سامنے آ نا چاہیئں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری ہماری آرزو ہے، عوام کو ثمرات ملیں گے تو ثابت ہوگا معیشت بہتر ہوئی ہے۔ جب تک روپے کی قدر کو تقویت نہیں ملے گی عام آدمی کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، ہمیں نہیں پتا وہ کیا کہہ رہے ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔ کالا باغ ڈیم اور پنجاب کی جانب سے نئی نہروں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام معاملات قومی اتفاق رائے سے حل ہونے چاہئیں۔ اسٹبلشمنٹ لوگوں کے ووٹ کا مذاق اڑاتی ہے، عوام پھر اسٹبلشمنٹ کا کیوں مذاق نہ اڑائیں، مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ شکایت سیاست دانوں سے ہے، جو آئین، جمہوریت اور اصولوں پر سمجھوتہ کرلیتے ہیں، اصل گرفت انہی کی ہے، ملک پر اپنی گرفت بنائے رکھنے کے لئے جمہوریت کا ڈھونگ رچا رکھا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ اقتدار ان کے اپنے ہاتھ میں رہے، خواہ اس کے لئے کچھ بھی کرنا پڑے، ہم لوگ صرف پارلیمنٹ میں بیٹھے رہتے ہیں۔