اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) سی پیک منصوبوں کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لیے پاور ڈویژن نے سی پیک اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) میں قائم کی جانیوالی صنعتوں کو 34روپے 47پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کی فراہمی پر کام کیا ہے جسے پاور ڈویژن نے ایس ای زیڈز کو بجلی کی فراہمی کے طریقہ کار پر نظرثانی کی اپنی سمری میں سی سی او ای کو تجویز کیا ہے۔ ایس ای زیڈ میں صنعت یکساں ٹیرف ادا کرے گی اور ابھی تک خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی کا بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کی وجہ سے بجلی فراہم نہیں کی جا سکی۔ سمری کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز کو بجلی کی فراہمی کا نظرثانی شدہ طریقہ کار چینی ہم منصبوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے جو پائیدار صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی قابل اعتماد اور ہموار فراہمی کو یقینی بناتا ہے جس کے تحت ایس ای زیڈز سی پیک کو پانچ سال کی بلند ترین طلب کے برابر بجلی کی فراہمی کے لیے ڈسکوز کے ساتھ پاور پرچیز ایجنسی ایگریمنٹ (پی پی ایز) پر دستخط کرنے کی اجازت ہوگی جو قابل توسیع ہو گا۔ ایس ای زیڈز سی پیک متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی کی سروس ٹیری کے تحت رہیں گے۔