کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان کے نو منتخب صدر ڈاکٹر عمیر بلوچ نے کہا ہے کہ انسانی صحت میں فزیو تھراپی کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف جسمانی علاج بلکہ نفسیاتی صحت کو بہتر بناتا ہے اس کے ذریعے پارکنسن اسٹروک اور دیگر جسمانی و ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کی زندگی میں نمایاں بہتر لائی جاسکتی ہے ،لیکن صوبے میں فزیوتھراپسٹ ڈاکٹرز بے روزگار ہیں۔ ہاؤس آفیسرز ڈاکٹرز کو معاوضہ ادا نہیں کیا جاتا۔ فزیو تھراپسٹس کو نرسز کونسل میں شامل کرکے ان کی خدمات کو محدود کرنا ناانصافی ہے۔ جس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اپنے حقوق کے حصول کیلئے قانون و آئین کے دائرہ کار میں رہ کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان سیکٹر کے انتخابات 5 جنوری 2025ء کو ہوئے الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عارف شاہ جبکہ دیگر ارکان میں ڈاکٹر مرتضیٰ اور ڈاکٹر بایزید شامل تھے،نومنتخب عہدیداروں میں صدر ڈاکٹر عمیر بلوچ ، نائب صدر ڈاکٹر صنوبر خان ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارسلان خان ، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر فہیم بلوچ ، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز کھیتران ، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ کاکڑ ، آڈٹ سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ وقار ، ویب سیکرٹری ڈاکٹر سلیمہ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا ترقی کے منازل طے کررہی ہے اور لوگ بہتر زندگی گزار رہے ہیں لیکن پاکستان کا سب سے بڑا اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان پسماندگی کی تصویر بنا ہوا ہے ،لوگ تعلیم و صحت جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، صحت کے شعبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جاری ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 21.4 فیصد لوگ جوڑوں اور ہڈیوں کے مسائل کا شکار ہیں اور 12.6 فیصد کسی جسمانی معذوری کا سامنا کررہے ہیں ان میں سے بڑی تعداد کا تعلق بلوچستان سے ہے لیکن صوبے کے لوگ فزیوتھراپی کی سہولت سے محروم ہیں ۔