اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار‘ سٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں میں جرائم بے قابو ہوگئے۔ 3کاریں اور 26موٹر سائیکل اڑا گئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی، سرقہ باالجبر، سٹریٹ کرائم، نقب زنی اور چوری کی19 وارداتوں میں ایک کار اور 7موٹر سائیکل جبکہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقہ سے کار چوری کر لی گئی۔ شہر اقتدار کے تھانہ رمنا‘ شالیمار‘ سنگجانی‘ کھنہ‘ ہمک اور تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقوں میں 6گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ سرقہ باالجبر کی 5وارداتیں تھانہ شہزاد ٹاؤن‘ کھنہ‘ رمنا‘ کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی کے علاقوں میں کروڑوں کی نقدی اور موبائل فونز چھین لئے گئے۔ ادہر راولپنڈی میں سرقہ باالجبر‘ چوری‘ نقب زنی اور راہزنی کی وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں 19موٹر سائیکلوں‘ موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے۔ تھانہ نیو ٹاؤن سیدپور روڈ پر 2موٹر سائیکل مسلح سوار حسنین مرتضیٰ سے موبائل‘ 10ہزار‘ شناختی کارڈ اور لائسنس‘ تھانہ نصیر آباد سہام بنی میں 2نامعلوم مسلح ملزمان ضیاء اللہ سے موبائل اور پرس‘ تھانہ نصیر آباد ایریا شبیر لین میں 2موٹر سائیکل سوار کوریئر پارسل دینے جانیوالے محمد مرتضیٰ خان سے گن پوائنٹ پر موبائل اور کمپنی کی رقم 92ہزار 770روپے‘ تھانہ صدر واہ غازی کوہلی کے قریب 3ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد سعد سے موٹر سائیکل125 اور 2موبائل‘ تھانہ مندرہ ایریامیں 4نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر عقیل سے موٹر سائیکل‘ موبائل اور 5ہزار‘ تھانہ روات بحریہ مین روڈ پر سب وے کے قریب 2موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح ملزمان ایان سے 2موبائل چھین لے گئے۔ صدر میں نجمہ حسین کے پرس سے 35ہزار‘ ڈھوک سادا روڈ پر محمد خالد کے گھر سے یوپی ایس‘ پانی کی ٹینکی‘ الیکٹرک سامان مالیتی 30ہزار چوری کر لئے گئے۔