لندن ( پی اے ) ہسپتال میں چھریوں کے وار سے نرس کے شدید زخمی ہونے کے بعد قتل کی کوشش کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ہفتہ کو جی ایم ٹی تقریباً 23:30 بجےرائل اولڈہم ہسپتال کے ایکیوٹ میڈیکل یونٹ ( اے ایم یو ) میں ہونے والے حملے میں متاثرہ خاتون کی عمر50سال ہے ۔گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا کہ افسران کا خیال ہے کہ عوام کے ایک رکن نے اس پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا جو کہ چاقو نہیں تھا۔ وہ علاج کیلئے ہسپتال میں ہی ہے۔ایک 37سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا جو کہ پولیس کی تحویل میں ہے۔ سراغ رساں سارجنٹ کریگ روٹرز نے لوگوں سے معلومات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس نوعیت کی خبریں صدمے کا باعث ہیں۔ وزیر صحت ویس اسٹریٹنگ نے ایکس پر کہا کہ نرسوں کو تشدد کے خوف کے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کے قابل ہونا چاہئے۔ ان کی پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رائل اولڈہم ہسپتال میں اس خوفناک حملے کے بعد میرے احساسات نرس اور اس کے چاہنے والوں کیساتھ ہیں۔ نرسیں این ایچ ایس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور انہیں تشدد کے خوف کے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کے قابل ہونا چاہئے۔ ہم ٹرسٹ کیساتھ رابطے میں ہیں اور جتنا ممکن ہو سکے اپ ڈیٹ کریں گے۔