• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ میں حضرت علی ؓ کی یوم ولادت پر روحانی تقریب کا انعقاد

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ) تنظیم مشن امامیہ برطانیہ کے زیر اہتمام مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے جشن کی روحانی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا اہتمام جعفری برادران آف سموال شریف نے کیا، جبکہ روحانی پیشوا آغا محمد علی جان، فرزند آغا لعل بادشاہ، کی زیر نگرانی یہ پروگرام بخوبی سر انجام پایا تقریب میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پیر سید نواز ش علی آف چوہ خالصہ اور آغا لعل بادشاہ کے پوتے سید آغا دلاور منگلا (اسد آباد) نے خصوصی شرکت کی۔ دونوں معزز شخصیات کا استقبال روایتی انداز میں گلے میں پھولوں کی مالا ڈال کر کیا گیا پاکستان سے آئے معروف خطیب سید عزادار بخاری سمیت دیگر ذاکرین اور شعرائے کرام نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہِ علوی میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ ان کی پُراثر گفتگو اور کلام نے سامعین کے دلوں کو مسحور کر دیا۔ مشہور قوال حامد علی نقیبی نے اپنے مخصوص انداز میں قوالی پیش کی، جس نے محفل میں موجود عاشقانِ مولائے علی کے جذبات کو گرما دیا۔ عقیدت مندوں نے دھمال ڈال کر اپنے والہانہ جذبات اور محبت کا اظہار کیا تقریب میں بریڈفورڈ کمیونٹی کے معزز افراد ظفر تنویر، رفیق سہگل، راجہ محمود شامی، ماجد جورجی، اور دیگر نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور جشنِ ولادت کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ ماجد جورجی کا کہنا تھا کہ یہ تقریب روحانی تجدید، اتحاد اور محبت کا مظہر تھی، جس نے تمام شرکاء کے دلوں میں مولائے کائنات کی تعلیمات کی روشنی کو مزید بڑھا دیا۔
یورپ سے سے مزید