کراچی( اسٹاف رپورٹر)کراچی میں نارتھ ناظم آباد بی بلاک طارق مارکیٹ کے علاقے میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے طویل دورانیے نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق موسم سرما میں جبکہ روایتی طور پر بجلی نہیں جاتی اس مرتبہ دن میں پہلے ڈیڑھ گھنٹہ بجلی آتی ہے جبکہ ڈیڑھ گھنٹہ بجلی نہیں ہوتی تھی اب لوڈ شیڈنگ کے ہروقفے میں مزید ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ہے اورہرڈھائی گھنٹے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے کےلیے بجلی آتی ہے جس سے پانی کی قلت بھی پیدا ہوتی ہے اور اہل علاقہ کے افراد کی پیداواری صلاحیت پربدترین اثرپڑرہاہے کیونکہ وہ معمول کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ اس کے علاوہ اہل علاقہ گیس کی لوڈشیڈنگ سے بھی متاثر ہیں اور کھانے پکانےکے اوقات میں اکثر گیس نہیں ہوتی۔