کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے مزارِ پر حاضری کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ25 دسمبر ہمیں اس عظیم لیڈر کی جدوجہد، قربانیوں اور وژن کی یاد دلاتا ہے جن کی انتھک محنت اور کاوشوں کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد ریاست پاکستان حاصل ہوئی، قائدِ اعظمؒ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم شہر اور ملک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی شہر کو کسی قسم کی عملی سپورٹ حاصل نہیں، اگر کوئی بھی سیاسی جماعت کراچی اور سندھ کے مفاد میں سنجیدہ ہے تو ہم اس کے ساتھ ہیں ،میئر کراچی نے کہا کہ 25 دسمبر کی اہمیت قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ کے ساتھ ساتھ کرسمس کے تہوار کے حوالے سے بھی ہے، انہوں نے ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور یہ دن بین المذاہب ہم آہنگی، محبت اور رواداری کا پیغام دیتا ہے،میئر کراچی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کراچی کے صنعتی علاقوں کے لیے سوا 9 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔