• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبر کے ذریعے عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش ہورہی ہے ،نیشنل پارٹی

کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکریٹری اور رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے نیشنل پارٹی ضلع گوادر کے صدر اور آل پارٹیز گوادر کے کنوینر عبدالغفور ہوت کی رہائش گاہ اور مہمان خانے پر حکومتی چھاپے اور توڑ پھوڑ کی کرتے ہوئے اسے عوامی حقوق کی جدوجہد کو دبانے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ آل پارٹیز گوادر کا دھرنا ایک ماہ سے جاری ہے، لیکن حکومت عوام کے جائز مطالبات تسلیم کرنے اور مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بجائے جبر و طاقت کے ذریعے عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کو حکومتی بوکھلاہٹ کا مظہر اور جمہوری اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں عوام اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ایک سیاسی رہنما کے مہمان خانے پر چھاپہ اور املاک کو نقصان پہنچانا حکومت کی ناکامی اور عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف عوامی تحریک کو کمزور کرنے کی ناکام سازش ہیں بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہیں کہ حکومت مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
کوئٹہ سے مزید