کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کاکہناہے کہ صحت سے انفرا اسٹرکچر تک سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہے‘ زراعت اور ماہی گیری سمیت پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں سے ہم ملک میں معاشی انقلاب لاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس ، سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر برائے توانائی ناصر شاہ ،وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر سمیت اجلاس میں شریک ہوئے۔اس موقع پرمعاون خصوصی برائے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر نے بریفنگ دی ۔بلاول بھٹو زرداری کو زراعت، ماہی گری اور الیکٹرانک وہیکل چارجنگ سمیت مختلف شعبہ جات کے انفراسٹرکچر میں بہتری کیلئے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔سید نوید قمر نے کہاکہ سندھ میں زراعت کے شعبے میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے منصوبوں سے چاولوں، آلو، کیلے، کینو، آم، امرود اور کھجور سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔انہوں نے سندھ میں ماہی گیری کی صنعت کی برآمد بڑھانے کیلئے پیکجنگ اور پراسسنگ کے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی ۔بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں عالمی اداروں سے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے الیکٹرانک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر کے منصوبوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ صحت سے انفراسٹرکچر تک سندھ حکومت پبلک پرائیوٹ منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لارہی ہے ۔