اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) کل سے پٹرول 3.53 روپے، ڈیزل 3.66روپے فی لیٹر مہنگا ہونیکا امکان، پی او ایل کی قیمتوں میں متوقع اضافے کی وجہ چین اور بھارت کو تیل کی برآمدات پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کل بروز جمعرات (16 جنوری 2025) سے اگلے پندرہ دن کے لیے موگاس کی قیمت میں 3.53 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.66 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
امریکی پابندیوں کے تناظر میں خام تیل کی قیمت 81 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی، جو اگست 2024 کے بعد سب سے زیادہ ہے، جو کہ امریکی جہاز رانی کی پابندیوں کے روسی تیل کی سپلائی پر اثر انداز ہونے کے خدشے کے باعث ہے۔
صنعتی اور سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مٹی کے تیل میں 4.98 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 6.20 روپے فی لیٹر اضافے پر کام کیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ وزارت خزانہ میں فیصلہ سازوں پر منحصر ہے۔