• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش پانچ ماہ میں پاکستان سے 8 لاکھ ٹن چاول درآمد کرے گا

اسلام آباد (صالح ظافر) بنگلہ دیش پانچ ماہ میں پاکستان سے آٹھ لاکھ ٹن چاول درآمد کریگا، اس میں سے 1.75 ٹن جنوری میں درآمد کیا جائیگا؛ دونوں ممالک نے ڈھاکہ میں ایم او یو پر دستخط کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پانچ ماہ میں پاکستان سے بنگلہ دیش کو آٹھ لاکھ ٹن چاول کی درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش حکومت نے جنوری میں 1.75 لاکھ ٹن درآمد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی بھارت نواز حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پہلا حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) معاہدہ ہے جس پر دونوں حکومتوں کے درمیان دستخط ہوئے ہیں۔ ڈھاکہ نے حال ہی میں تجارت اور نقل و حرکت پر کئی پابندیوں میں نرمی کی ہے۔ پاکستان کا تجارتی وفد ان دنوں بنگلہ دیش کا دورہ کر رہا ہے۔ اس ملک میں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بنگلہ دیش پاکستان سے آٹاپ چاول درآمد کرے گا۔ آٹاپ چاول کو ’’غیر پالش شدہ چاول‘‘ کہا جاتا ہے، جو کہ چاول کی ایک روایتی قسم ہے جو کم سے کم پروسیسنگ سے گزرتی ہے، جس سے یہ اپنے قدرتی غذائی اجزاء اور چوکر کو برقرار رکھتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر بھارت اور جنوب مشرقی ایشیا کے کچھ حصوں میں کاشت کیا جاتا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے چیئرمین سید رفیو بشیر شاہ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فوڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد عبدالخالق نے ڈھاکہ میں وزارت خوراک میں ایم او یو پر دستخط کئے۔ بنگلہ دیش کے عہدیداروں کا خیال ہے کہ اس مفاہمت نامے سے چاول کی گھریلو مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک نیا افق کھلنے کی امید ہے۔ سیکرٹری خوراک محمد مسعود الحسن، پاکستان کی وزارت تجارت کے اسپیشل سیکرٹری شکیل احمد منگنیجو، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احمد معروف اور دونوں اطراف کے دیگر سینئر حکام بھی دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید